سندھ میں سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کے ذریعے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام کا آغاز

Published On 08 April,2024 06:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کے ذریعے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام کا آغاز ہو گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ سوشل پروٹیکشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری سوشل پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ماں اور بچے کی بہتر دیکھ بھال کیلئے کوشاں ہے، سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کے ذریعے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا چکا ہے، پروگرام کے تحت حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین کو 163.584 ملین روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حاملہ خواتین کو تین سال تک جبکہ دودھ پلانے والی ماؤں کو 2 سال تک یہ رقم فراہم کی جائے گی، وہ مائیں جن کے بچوں کی عمریں دوسال سے کم ہیں وہ بھی اس منصوبے سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بجٹ 201.85 ملین ڈالر مختص کیا گیا ہے، پروگرام کا دورانیہ پانچ سال کے لیے ہے، اس پروگرام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے آئی ڈی اے 200 ملین ڈالر کی فنڈنگ کرچکی ہے جبکہ سندھ حکومت کا حصہ 30 ملین ڈالر ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ پروگرام سندھ کےغربت زدہ علاقوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا، جن ماؤں کے پاس شناختی کارڈ نہیں، انہیں جلد سے جلد شناختی کارڈ جاری کیے جائیں تاکہ وہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں۔