اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کی بطور گورنر خیبرپختونخوا تقرری ان پر پارٹی قیادت کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، فیصل کریم کنڈی وفاق اور صوبے کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی ایک مخلص، زیرک، مدبر اور تجربہ کار سیاسی کارکن ہیں، فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں صوبہ خیبر پختونخوا خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے فیصل کریم کنڈی کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔