سیاست دان، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کو ماضی سے نکلنا ہوگا: رانا ثناء اللہ

Published On 18 May,2024 07:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کچھ دنوں سے محاذ آرائی کی کیفیت نظر آ رہی ہے، ایک دوسرے کی عزت خراب کرنے سے کچھ نہیں ہو گا، ادارے ایک جگہ بیٹھیں اور معاملے کو سلجھائیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ماضی کو ایک طرف کر کے آج سے نیا آغاز کیا جائے، وزیر اعظم سوچ رہے ہیں صدر مملکت سے کہیں کہ معاملے کو سلجھائیں، سیاست دان، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ سب کو ماضی کے معاملے سے نکلنا ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ اگر سیاستدان کہیں کہ وہ معصوم ساری غلطی اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ نے کی تو یہ درست نہیں، عدلیہ کہے کہ ہم نے تو بالکل آئین، قانون کی پاسداری کی ہے وہ بھی درست نہیں ہو گا، اسٹیبلشمنٹ کہے کہ کبھی کسی کے معاملے میں دخل نہیں دیا تو یہ بات بھی سچ نہیں ہو گی۔