اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرغزستان میں پاکستانی طلبا کے ہاسٹلز پر مقامی افراد کے حملے کے معاملہ پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آ گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کرغزستان میں مقامی اور غیر ملکی طلبہ کے درمیان جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی طلبہ سے متعلق کرغز حکام سے رابطے میں ہیں، کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کیلئے پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان طلبہ کی حفاظت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایکس پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے پاکستانی طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک طلبہ گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔