بشکیک: (دنیا نیوز) کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے کہا ہے کہ کرغز حکومت نے پاکستان سمیت غیر ملکیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کا یقین دلایا ہے۔
کرغزستان میں تعلیم حاصل کرنیوالے پاکستانی طالبعلموں کی صورتحال پر پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بشکیک میں کل رات سے مقامی شرپسندوں نے غیر ملکی طلبہ پر حملے کئے، مقامی شرپسندوں نے غیرملکی طلبہ کے ہاسٹل، نجی رہائشگاہوں پر حملے کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانیوں کو ہرممکن سہولت دینے کی ہدایت کی ہے، شرپسندوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی ، 4 افراد پکڑے جا چکے ہیں۔
حسن ضیغم نے کہا کہ کرغز حکومت نے سوشل میڈیا پر غیرتصدیق شدہ مواد شیئر نہ کرنے کی اپیل کی، مقامی شرپسندوں نے غیر ملکی طلبہ کے 6 ہاسٹلز کو نشانہ بنایا، انتہا پسندوں کے حملے میں 14 پاکستانی طلبہ زخمی ہوئے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایک پاکستانی شہری شاہ زیب ہسپتال میں زیرعلاج ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر آج ہسپتال میں شاہ زیب سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ کرغزستان واقعے سے متعلق بشکیک اور دفترخارجہ میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، وزارت خارجہ میں کرغزستان کی صورتحال پر کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے۔