اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے فروغ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور سٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت کی، اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا، اسلام آباد آئی ٹی پارک میں سٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027ء تک مکمل ہو گا، ملک کے 20 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 2025ء میں ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے۔