پنجاب میں آج بھی گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہے گی

Published On 11 June,2024 10:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج بھی گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہے گی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ہفتے درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری تک رہنے کے امکانات ہیں، ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اٹک، رحیم یار خان، بہاولپور، نارووال، قصور، جہلم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 43 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، سوموار کے روز بھکر میں 46 ڈگری، اوکاڑہ اور گوجرانوالہ میں 44 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

ترجمان کے مطابق لاہور سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں، چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم ہیں۔