ماضی کے 45 سال کا بگاڑ میں فوراً ختم نہیں کر سکتا: میئر کراچی

Published On 20 June,2024 03:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماضی کے 45 سال کا بگاڑ میں فوراً ختم نہیں کر سکتا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں چائنہ اور ہانگ کانگ کٹنگ کی گئی جس سے بارشوں کے بعد پانی گھروں میں آجاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مسائل کا سامنا ہوتا ہے لیکن حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، صوبائی حکومت نے پرانی سکیمیں مکمل کرنے کے لیے پیسہ دیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آج ایک لاکھ 44 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا، 7 اضلاع میں 99 کلیکشن پوائنٹس اور 3 لینڈ فل سائٹس تھیں، 99 کلیکشن پوائنٹس کو یومیہ بنیادوں پر کلیئر کیا گیا، تمام کلیکشن پوائنٹس کو کلورین سے صاف کیا گیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی عملے نے گرمی میں بطور ہیرو کام کیا، یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی رقم 5 سے بڑھا کر 12 لاکھ کر دی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مسائل پر قابو پانا شروع کر دیا، کے فور کے لیے وفاق سے گزارش کروں گا جلدی مسئلے کو حل کریں۔