پیپلز پارٹی اپنی بلیک میلنگ بند کرے: محسن شاہنواز رانجھا

Published On 20 June,2024 03:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) لیگ کے مرکزی رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے پیپلزپارٹی کی اقتدار چھوڑنے کی دھمکی پر سخت تنبیہ کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنی بلیک میلنگ بند کرے، اگر اقتدار گیا تو ہم اکیلے ہی نہیں پیپلز پارٹی بھی اڈیالہ جیل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مرچ مصالحے والے بیانات دے کر مستقبل کی سیاست بچانا چاہ رہی ہے۔

محسن شاہ نواز رانجھا کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ساس بہو کے رشتے کے مطابق چل رہی ہے۔

قبل ازیں لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا اقتدار پیپلزپارٹی کی مرہونِ منت ہے، پیپلز پارٹی کے 45 ارکان مسلم لیگ (ن) کی لائف لائن ہیں، اگر پیپلز پارٹی نہ ہوتی تو پوری مسلم لیگ (ن) آج جیلوں میں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو مائنس کر کے آپ وزیر اعظم ہاؤس نہیں بلکہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے، حنیف عباسی تفریق اور انتشار کی سیاست کو ہوا دینا بند کرے۔