اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم وطن عزیز کی خاطر قربانی دینے والے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حوالدار لالک جان نشان حیدر کے پچیسویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر نے جرات و شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی عظیم قربانی افواجِ پاکستان کے ملک کی حفاظت کیلئے غیر متزلزل عزم کی لازوال مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک افواج کا 25 ویں یوم شہادت پر حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر اور ان کے اہلِ خانہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں، پاکستانی قوم وطن کی خاطر اپنے لہو کی قربانی دینے والے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحیرہ عرب کے گہرے سمندروں سے لے کر سیاچن کے شدید سرد موسم میں پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواجِ پاکستان کے ہر جوان کے جذبہءِ حُب الوطنی اور فرض شناسی پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔