اسلام آباد: (دنیا نیوز) سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی میانوالی پولیس کی جانب سے گرفتاری کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا عمرایوب کی گرفتاری اپوزیشن لیڈر آفس کی توہین ہے، پی ٹی آئی موجودہ حکومت کی جانب سے ایسی کارروائیوں سے اپنے آئینی حق کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی، پی ٹی آئی بانی چیئرمین کی قیادت میں متحد ہے۔
قراداد میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی کے نام پر فون ٹیپنگ کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو پارلیمانی پارٹی مسترد کرتی ہے، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان ختم کر کے نہ صرف پی ٹی آئی امیدوار بلکہ ووٹر کے حق کو بھی ختم کیا گیا، پی ٹی آئی امید کرتی ہے سپریم کورٹ مخصوص نشستوں کے زیر سماعت مقدمے کا جلد فیصلہ سنائے گی۔