شہر میں بارش سے متاثرہ بجلی کا ترسیلی نظام تاحال مکمل بحال نہ ہو سکا

Published On 13 July,2024 12:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش سے متاثرہ بجلی کا ترسیلی نظام تاحال مکمل بحال نہ ہو سکا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی بھرمار ہے، تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز جلنے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کے 46 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل معطل ہے، لیسکو کا عملہ فیڈرز بحال کرنے میں مصروف ہے تاہم انفرادی شکایات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

جن علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہیں وہاں رات بھر بجلی بند رہی، گڑھی شاہو، کاپر سٹور، شالیمار، واہگہ، دروغہ والا سمیت کئی دیہی علاقے بھی رات بھر تاریکی میں ڈوبے رہے۔

ادھر لیسکو کو سٹاف کی شدید کمی کے باعث بجلی کی بروقت بحالی ممکن نہیں بنائی جا سکی، شہری انفرادی شکایات کے لیے لیسکو دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔