لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، خطۂ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں اکثر مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، وسطی اور جنوبی پنجاب، جنوب مشرقی، زیریں سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق 18 اور 19 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور طغیانی کا خدشہ ہے۔
اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، موسلادھار بارش کے باعث بالائی، وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔