اسلام آباد : (دنیانیوز ) ملک بھر میں 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، دنیا نیوز کی جانب سے بھی قوم کو جشن آزادی مبارک پیش کی گئی۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن’ سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے خصوصی طور پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خدا وندِ متعال ہمیں نصیب ہوا ۔
اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کی گئی۔
جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
اس سلسلے میں مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :77 ویں یوم آزادی پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد
جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔
چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ، گورنرز کی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس کے علاوہ انہوں نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کے لیے دعا کی، انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ مریم نواز شریف نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی۔
گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزارقائد پر حاضری دی ، پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی ،مراد علی شاہ اور کامران ٹیسوری نے مزارقائد کے احاطے میں قومی پرچم بھی لہرایا، دونوں رہنماؤں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
سول سیکرٹریٹ پشاورمیں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب ہوئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پرچم کشائی کی۔
یہ بھی پڑھیں :مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ،نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لیے
یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ مل کرعہد کریں ہم نےکسی سازش کا حصہ نہیں بننا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ، یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی ، تقریب میں قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے پرچم کشائی کی۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، تقریب میں وزیراعظم انوارالحق ، وزرائے حکومت ، سول اور عسکری افسران نے بھی شرکت کی ۔
صدر، وزیراعظم کی پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے ان گنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کیلئے خدمات کا اعتراف ، 104 پاکستانی اورغیر ملکیوں کواعزازات دینے کی منظوری
یوم آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان ہیروز نے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا، پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے۔