اسلام آباد: (دنیانیوز) رہنمامسلم لیگ ن بیرسٹر دانیال چودھری کاکہنا ہے کہ ملک کو غیرمستحکم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پاکستان مسلم لیگ ن بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ ملک کے خلاف پراپیگنڈا چلایا جارہا ہے ، اسرائیلی اخبارمیں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کا ایجنڈا بہتر طور پر آگے لے کر جاسکتے ہیں ، اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل کی کڑیاں پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازش سے ملتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے میئر لندن کے الیکشن میں پاکستانی میئر کو سپورٹ نہیں کیا، صیہونی لابی کو پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا ہضم نہیں ہورہا ، پاکستان کابہتری کی طرف جانا دشمنوں کو چبھ رہاہے ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جب بھی ملک بہتری کی طرف جارہاہو تو کسی نہ کسی طریقے سے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
بیرسٹر دانیال نے کہا کہ پی ٹی آئی افواج پاکستان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، بانی پی ٹی آئی سے متعلق حکیم سعید کی 20سال پہلے کی پیشگوئی درست ثابت ہورہی ہے۔