لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرملک احمد بھچر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اگلا جلسہ راولپنڈی میں ہوگا۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے سے چچا،بھتیجی گھبراگئےہیں، لاہور،اسلام آباد جلسےمیں پنجاب حکومت نےفسطایت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ غریب لوگ مہنگائی کی وجہ سے مر رہے ہیں، حکومت پریکٹس اینڈ پروسیجربل کے پیچھے لگی ہوئی ہے، حکومت کی توجہ مخصوص نشستیں چھیننے پر مرکوز ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ فارم47 والی حکومت ہوش کے ناخن لے، جلسوں کے لیے رات کو دو بجے این او سی دیتے ہو، ہمارے جلسوں کے لیے راستے بند کر دیتے ہو، آپ کے ساتھ ویگو ڈالے والے اور ہمارے ساتھ پاکستان کی عوام ہے۔
ملک احمد بھچر نے مزید کہا کہ میرے سامنےپی ٹی آئی ایم پی اے کی کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، اگلے جلسے کے لیے این او سی کے اپلائی کر دیا ہے، پرامن جلسہ کرنا ہمارا حق ہے، اگر این او سی نہیں ملتا تو کور کمیٹی فیصلہ کرے گی، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔