کراچی: (دنیا نیوز) رہنما پیپلزپارٹی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے، جے یو آئی (ف) کی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آئینی ترمیم ملک کے لیے فائدہ مند ہے۔
بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ میٹنگ کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ آئین بنانے کے عمل میں پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر جے یو آئی نے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی ریفارمز یا آئینی عدالت پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا کلیئر موقف ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت کا ذکر ہے، بلاول بھٹو کی خواہش ہے ترمیم دو تہائی اکثریت سے پاس ہو۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے سیاسی ڈائیلاگ کا سلسلہ جاری ہے، ہم ہر مسئلے کا حل سیاسی ڈائیلاگ کو ہی سمجھتے ہیں، مشاورت کے ذریعے 26 ویں آئینی ترمیم کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئینی ترمیم ملک کیلئے فائدہ مند ہے، ہماری خواہش ہے جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کا متفقہ ڈرافٹ ہو۔
گفتگو کے آخر میں صحافی نے شازیہ مری سے سوال کیا کہ کیا مولانا راضی ہوگئے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ آپ اپنا منہ میٹھا کر سکتے ہیں۔