اسلام آباد:(دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے فیلوشپ پروگرام کا وفد 23اکتوبر تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔
اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ دورے پر آئے وفد کو ڈی جی آرمز کنٹرول اور پاکستانی سفیر طاہر اندرابی نے بریفنگ دی، دورے پر آئے وفد کو پاکستان کی جانب سے آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ پر بریف کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پروگرام کے تحت 25 ممالک کے ممبران وفد کا حصہ ہیں، پاکستان کی جانب سے شیڈول کیا گیا یہ بین الاقوامی مطالعاتی دورہ ہے، فیلوشپ ممبران پاکستان سینٹر آف نیوکلیئر سکیورٹی اور پاکستان آرڈینس فیکٹری واہ کا بھی دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھاکہ ممبران ہیوی مکینکل کمپلیکس ٹیکسلا نیشنل سینٹر فار فزکس اور سینٹر فار انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز کا بھی دورہ کریں گے جبکہ وفد کو ان اداروں کے دوروں کے دوران پاکستان کی نیوکلیئر سیفٹی اور سکیورٹی بارے بھی بریف کیا جائے گا۔