گورنر کے اختیارات ختم ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جامعات کے چانسلر بن گئے

Published On 21 January,2025 08:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے گورنر سے اختیارات لیکر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور یونیورسٹیز کے چانسلر بن گئے۔

گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا یونیورسٹیزترمیمی بل 2024 پاس کرکے گورنر کو منظوری کیلئے بھیجا تھا تاہم گورنر نے اعتراض لگا کر بل واپس کردیا تھا۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے خیبرپختونخوا یونیورسٹیزترمیمی بل 2024 باقاعدہ قانون بننے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت خیبر پختونخوا میں جامعات کے چانسلر اب وزیراعلیٰ ہوں گے۔

آج سے قبل گورنر تمام یونیورسٹیز کے چانسلر تھے اور ایکٹ کے بعد یہ اختیارات وزیراعلیٰ کو منتقل ہوگئے، قانون کے تحت اب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اکیڈیمک سرچ کمیٹی کی تجویز کردہ تین ناموں میں سے کسی ایک کو وائس چانسلر مقرر کریں۔

قانون کے مطابق وائس چانسلر کی تقرری کا دورانیہ چار سال مقرر کیا گیا ہے تاہم اگر کارکردگی غیر تسلی بخش ہو تو یہ مدت کسی بھی وقت ختم کی جا سکتی ہے۔