جے یو آئی نے بھی پیکا ایکٹ بل پر تحفظات کا اظہار کردیا

Published On 23 January,2025 09:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے بھی پیکا ایکٹ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔

جے یوآئی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو میں کہا کہ حکومت نے پیکا ایکٹ بل پر جے یو آئی کو اعتماد میں نہیں لیا، ہر چیز کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی سیشن بلایا جاتا ہے اس سے قبل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں قانون سازی سے متعلق مشاورت ہوتی ہے، آج جس طرح سپلیمنٹری ایجنڈا آیا اس پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

شاہدہ اختر علی نے کہا کہ آجکل پارلیمنٹ کا یہ المیہ ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اگر کوئی مثبت ترمیم آتی ہے تو اسکی بھی حکومت مخالفت کرتی ہے، پارلیمنٹ کا جو اختیار ہے وہ اسکو نہیں دیا جارہا، اسکے مثبت نتائج نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مزید دوریاں پیدا ہوتی ہیں، حکومت جو بھی مثبت کام کرتی ہے پی ٹی آئی کو نہیں تو کم از کم جےیوآئی کو اعتماد میں لینا چاہئے۔