بریڈفورڈ: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضامن ہے، اگر آج ہماری فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال عراق، لبنان اور شام سے بھی بدتر ہوتا۔
برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اصل کمال یہ دیکھیں کہ بیرونی سازشوں کے باوجود آج کسی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی ایک انچ زمین بھی لے سکے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فوج اور ایس آئی ایف سی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی حقیقی سفیر ہیں، دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ملک ہم سب کا ہے لہٰذا ہمیں ہر حال میں اس کے وقار اور عزت کا خیال رکھنا ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مثبت اقدام ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی مدد بھی کر رہے ہیں۔