سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پرحملہ ناکام بنادیا، 6 خوارج جہنم واصل، 12 شہری شہید

Published On 04 March,2025 10:15 pm

بنوں :(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج افطار کے وقت دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی،  دہشت گردوں نے بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، خوارج نے بازار میں رش  اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی ہونے سے گاڑیاں گھبراہٹ میں دیوار سے ٹکرائیں۔

 ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی مسجد بھی شہید ہوگئی، دھماکے سے قریبی گھر کی چھت گرنے سے 12 شہری شہید اور 30 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف انٹری پوائنٹس پر موجود سکیورٹی عملے نے6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا، باقی خارجی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔ 

ذرائع نے مزید کہا کہ افطار کے وقت  معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنایا گیا، حملہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ خارجیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، فورسز کا تمام خوارج کے خلاف کلین اپ آپریشن جاری ہے۔