اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے آزاد جموں کشمیر کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس اے جے کے نے ملک کا اعلیٰ ترین آئینی عدالتی عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی، چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر نے قانون کی حکمرانی اور انصاف کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں عدالتی تعاون اور ادارہ جاتی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو آزاد جموں و کشمیر انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، کانفرنس میں قانونی ماہرین، عدلیہ کے ارکان، اور سکالرز کو اکٹھا کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر عدالتی ڈھانچے کی انفرادیت سمیت اہم قانونی اور عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، عالمی جوڈیشل کانفرنس 10 مئی کو مظفر آباد میں ہوگی۔