ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

Published On 31 March,2025 08:23 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز عیدالفطر کے ہزاروں بڑے اور چھوٹے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی، نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ہوا، نماز کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں نے گلے شکوے بھلا کر گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیں۔

دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے بھی اہل وطن کو عیدالفطر کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: صدر مملکت اور وزیر اعظم کی عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آیا تھا، شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔

دوسری جانب نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کی قبر پر حاضری کیلئے قبرستانوں کا رخ کیا، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کی دعا بھی کی۔

شہریوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی قبروں کی صفائی اور ان پر گل پاشی بھی کی گئی۔

قبرستان آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی خوشی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا دکھ بھی ہے، نماز کے بعد یہاں اپنے عزیز و اقارب کی دعائے مغفرت کیلئے آئے ہیں۔