ہمیں ایسے دشمن کا سامنا جس پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا: خواجہ آصف

Published On 26 April,2025 10:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمیں اس دشمن کا سامنا ہے جس پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔

پروگرام’ ٹونائٹ ود ثمر عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے، بھارت نے ایسے ہی ڈرامہ نہیں رچایا، پہلگام حملے کی ساکھ پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل دہشتگرد تو مودی خود ہے،امریکا اور کینیڈا نےمودی پر دہشتگردی کاالزام لگایا جس کی اس نے تردید نہیں کی، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارت ملوث ہے۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اگروزیراعظم کی پیشکش قبول کرتاہے تواچھی بات ہے، ابھی ٹینشن کم نہیں ہوئی ہے، ہمیں اس دشمن کا سامنا ہے جس پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ چین ہمارا ہمسایہ ملک ہے، چین سارے مسائل کو سمجھتا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہےدنیا کا کوئی بھی ملک پہلگام واقعہ کی تحقیقات کرلے۔