لوئر کوہستان: (دنیا نیوز) کار کھائی میں گرنے سے 3 خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک حادثہ راولپنڈی سے گلگت جانیوالی قراقرم ہائی وے پر مٹہ بانڈہ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، حادثے میں کار میں سوار 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں، ریسکیو اہلکار مقامی رضا کاروں کے ہمراہ لاشیں کھائی سے نکالنے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں 3 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہونیوالوں کا تعلق راولپنڈی سے اور ایک ہی خاندان کےافراد ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لوئرکوہستان حادثے میں 8افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، انسانی جانوں کےضیاع کا مجھے بہت دکھ ہے، وزیراعلیٰ نے سوگواران سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔