لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیرول پر رہائی کی مخالفت کر دی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کا کوئی جواز نہیں، پہلے کون پیرول پر رہا ہوا ہے جو عمران خان کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں بالا کوٹ پر حملہ کیا تو نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں تھے، کیا ہم کہتے تھے کہ نواز شریف کو پیرول پر رہا کرو، تو ہم بات چیت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا چیئرمین موجود ہے ایسے تھوڑا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے، بانی کی پیرول پر رہائی اور بنی گالہ منتقلی کی باتیں کرنے والوں کو مزے لینے دیں،عمران خان کے خلاف سیاسی نہیں ٹھوس مقدمات قائم ہیں۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ سیاسی مقدمات وہ ہوتے ہیں جو تنخواہ نہ لینے پر بنتے ہیں یا منشیات ڈال کر قائم کئے جاتے ہیں، توشہ خانہ اور جعلی ٹرسٹ کے مقدمات سیاسی نہیں کہلاتے، سیاسی قیدی، سیاسی شخصیت کے حوالے سے نہیں جرم کی نوعیت کے لحاظ سے ہوتا ہے۔