کراچی: مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق

Published On 02 June,2025 09:41 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑ اور کورنگی کراسنگ کے قریب ٹریفک حادثات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

سعید آباد کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ راہگیر جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے چھیپا سرخانے منتقل کر دی اور نامعلوم گاڑی والے کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

ادھر زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کراسنگ انڈس ہسپتال کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 53 سالہ اقبال ولد ولی مسیح کے نام سے کی گئی، متوفی کورنگی نمبر ڈھائی کرسچن آبادی کا رہائشی تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔