اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افواجِ پاکستان پوری قوم کیلئے دائمی امن، خوشحالی، قومی یکجہتی کے لیے دل سے دعاگو ہیں، ہم پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، تمام بہادر افراد، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جری شہریوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، اتحاد اور غور و فکر کا مقدس موقع ہے، اللہ کرے یہ بابرکت موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دے اور اس ملی یکجہتی کو مضبوط کرے، عید کے موقع پر شہدا پاکستان کے ان عظیم خاندانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کے پیاروں نے امن و وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔