پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی بجٹ کو دھوکہ قرار دے دیا اور کہا کہ ہم فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس کو نہیں مانیں گے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ تحریک انصاف کیخلاف سازش 9 مئی سے شروع ہوئی، پی ٹی آئی کیخلاف سازش ابھی بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بجٹ تجاویز پر بانی سے مشاورت کرنا آئینی اور سیاسی حق ہے، اگر بانی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے جو بانی کا فیصلہ ہوگا وہی ہمارا ہوگا، انہوں نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ سازشیں کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرو۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ افسوس ہمارے گورنر صاحب نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی، بجٹ اجلاس ریکوزیشن پر بلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جہاں پر بھی مسلمانوں پر جارحیت ہو رہی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی ہر اچھی تجویز کو کھلے دل سے مانیں گے، یہاں جمہوریت ہے، جو راستہ بھی آپ اختیار کرنا چاہتے ہیں آپ کو اجازت ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہت سے کام روایات سے ہوتے ہیں، اس بات کا تقاضہ ہے اپوزیشن لیڈر بھی بات کریں۔