اسلام آباد:(دنیا نیوز) ماہرعالمی امورمشاہد حسین سید مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پربات ہوگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بارفیلڈ مارشل کووائٹ ہاؤس میں دعوت دی گئی ہے، یہ پاکستان کےلیےایک اعزازکی بات ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےپاکستان کو پسند کرتے ہیں، آج بھارت میں صف ماتم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کےساتھ ملاقات میں پاکستان،امریکا تعلقات پربات ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ روایتی قسم کے لیڈر نہیں ہے، ہوسکتا ہے وہ عمران خان سےمتعلق بھی کوئی بات کرے، امریکی صدر سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دیں گے۔
ماہرعالمی امور کا کہنا تھا کہ ہندوستان والے بہت جھوٹ بولتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نےنریندرمودی کوصرف فون کیا ہے، بھارت کوجنگی اور سفارتی محاذ پرشکست ہوئی ہے، فیلڈ مارشل کوہیڈ آف سٹیٹ والا پروٹوکول دیا جائے گا، یہ پاکستان کے لیے گریٹ آنر ہے، یہ خطہ بڑا اہم ہے اور پاکستان کی بڑی اہمیت ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل بارے پاکستان کا موقف معلوم ہے، پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے ایک اصولی موقف ہے، جب کہ سیاسی جماعتوں کوایشوزکی سیاست کرنی چاہیے، سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لانی چاہیے، سیاست دانوں کو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سےفتح حاصل کرنے کےبعد پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے، فتح حاصل کرنےکےبعد دل بڑا کرکےسیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے، نیوکلیئر بہانہ ہے، اصل نشانہ ایران کا انقلاب اورحکومت ہے، اسرائیلی نیتن یاہو سے تنگ آ گئے ہیں، جی سیون ممالک نےشرمناک بیان دیا ہے،ان کا اصل چہرہ سامنےآچکا ہے۔