اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے ممکنہ سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کردی۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا جب کہ یہ سسٹم مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا سبب بنے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شام یا رات کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ شدید بارش متوقع ہے، مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے، پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی بندش، سیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان
دوسری جانب محکمہ موسمیات میں خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور گردونواح میں بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ گرج چمک اور آندھی سے کمزور درخت اکھڑ سکتے ہیں اور بجلی کی عارضی بندش ہو سکتی ہے، گردوغبار اور تیز ہوائیں کمزور عمارات، گاڑیوں، چھتوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ کم ہونے سے سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، درختوں، بل بورڈز اور غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں، گاڑیوں کو محفوظ اور ڈھکی جگہ پر پارک کریں ،طوفان کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں جب کہ کسی بھی معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔