قائمہ کمیٹیاں کیسز ختم کرانے کیلئے نہیں، قانون کے مطابق چلیں گے: اعظم تارڑ

Published On 25 June,2025 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹیاں کیسز ختم کرانے کے لیے نہیں بنائی گئیں، ہم قانون کے پابند ہیں، قانون کے مطابق ہی چلیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹی کے رولزسب نے مل کر بنائے ہیں، سٹینڈنگ کمیٹی کے پاس پولیس تفتیش کا اختیار لینے کا حق نہیں ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹی کے ایجنڈا کا پیج ون اور پیج 17 قیدی نمبر 804 ہو گا تو اسمبلی سیکرٹریٹ کچھ نہیں کر سکے گا، قائمہ کمیٹیاں جیلوں میں اضافی سہولیات لینے کے لیے قائم نہیں کی گئیں۔

وفاقی وزیر قانون کی تقریر کے دوران اپوزیشن کا شور شرابا، ڈیسک بجا کر نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن تنقید کےساتھ ساتھ دوسروں کو سننے کا بھی حوصلہ رکھے، ہم پر تنقید کرنے والے اپنے دور میں نفرت کے بیج بوتے رہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی گئیں، سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا گیا، اپوزیشن بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کے لیے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے، کسی وزیر کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ کرپشن کیسز معاف کر دے۔

انہوں نے کہا کہ کاش وزارت انسانی حقوق کے پاس کرپشن کیسز کی سزا معطلی کا اختیار ہوتا تو میں حاضر تھا، کاش جیل میں میاں بیوی کو ساتھ رکھنے کا اختیار ہوتا تو میں ضرور کرتا۔

وفاقی وزیر قانون نے سوال کیا کہ کیا مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑنے پر چادر و چاردیواری پامال نہیں ہوتی، فریال تالپور کو عید سے پہلے جیل میں ڈالا گیا، چادر و چاردیواری پامال نہیں ہوئی؟۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی اگر یہ کہا جاتا ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ انٹرنیشنل سطح پر اے سٹیٹس ملا ہے، چائلد میرج ایکٹ، کرسچن میرج ایکٹ پر بات ہوتی تو خوشی ہوتی، اس معصوم موضوع کو سیاست کی نذر کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ ایلوکیشن کا قائمہ کمیٹی سے کیا تعلق ہے؟ وزارت انسانی حقوق کے پاس چار کمیشنز ہیں، قائمہ کمیٹیوں کا جیل میں ملاقاتوں، میاں بیوی کو جیلوں میں ملوانے، عدالتوں سے تاریخیں کم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔