پاکستانیوں کی خوراک میں تلی ہوئی اشیاء کا راج، پیزا دعوت کی مقبول ڈش قرار

Published On 06 July,2025 01:48 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) پاکستانیوں کی خوراک میں روایتی تلی ہوئی اشیاء جیسے پکوڑے اور سموسے آج بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں، جبکہ پیزا کو دعوتوں کیلئے سب سے مقبول خوراک قرار دیا گیا ہے۔

گیلپ پاکستان نے تازہ ترین سروے جاری کیا ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ 45 فیصد پاکستانیوں نے پکوڑے، سموسے اور دیگر تلی ہوئی اشیاء کھانے کا اعتراف کیا، جبکہ 6 فیصد افراد روزانہ ان اشیاء کا استعمال کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق 71 فیصد پاکستانیوں نے پیزا نہیں کھایا، اس کے باوجود یہ دعوتوں کیلئے سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ڈش قرار پایا۔

گیلپ کے مطابق 67 فیصد پاکستانیوں نے برگرز کھانے سے اجتناب کیا، جبکہ تقریباً 49 فیصد افراد نے تلی ہوئی اشیاء سے بھی پرہیز کرنے کی کوشش کی، اس کے باوجود، پکوڑے اور سموسے اب بھی کئی افراد کے روزمرہ کی خوراک کا حصہ ہیں۔

سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 10 میں سے 7 پاکستانیوں نے اپنی ڈائٹ بہتر بنانے کی کوشش کی، ان میں سے 58 فیصد نے کامیابی حاصل کی، جبکہ 12 فیصد اپنی کوشش میں ناکام رہے۔

یہ سروے اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستانی عوام اپنی خوراک میں تبدیلی کی خواہش ضرور رکھتے ہیں، مگر روایتی ذائقے جیسے پکوڑے اور سموسے آج بھی ان کی اولین ترجیح ہیں، فاسٹ فوڈ میں پیزا کو دعوتوں اور محفلوں میں خصوصی مقام حاصل ہے۔