کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے مزید 4 نعشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں لیاری بغدادی میں جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی، سانحے سے متاثرہ خاندانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی جبکہ تباہ شدہ عمارت کے ساتھ والی بلڈنگ کی سیڑھیاں بھی گر گئیں۔
امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے سے مزید 5 نعشیں نکال لی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 27 تک جا پہنچی ہے، جاں بحق افراد میں 16 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، مزید 4 سے 5 افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہیومن باڈی ڈیٹیکٹر کی مدد سے تلاش جاری ہے، امدادی ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں مزید چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔