پی ٹی آئی کے 26 اراکین کا نااہلی ریفرنس: مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا

Published On 13 July,2025 10:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے 26 ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا سیشن آج ہوگا۔

مذاکرات کے لئے دوسرے سیشن کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے، پارلیمانی لیڈرز کی میٹنگز آج سہ پہر 4 بجے پنجاب اسمبلی میں ہوگی، اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کو تاحال نام نہیں بھجوائے گئے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں معطل ارکان کیخلاف ریفرنس واپس لئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملہ پر حکومتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

حکومتی کمیٹی کے اراکین میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سمیع اللہ خان، رانا محمد ارشد، وزیر صنعت چودھری شافع حسین شامل ہیں، سید علی حیدر گیلانی، چودھری افتخار چھچھر، راحیلہ خادم حسین، امجد علی جاوید، احمد اقبال اور شعیب صدیقی کو بھی حکومتی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔