لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 معطل ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملے پر اپوزیشن آج ہونے والے مذاکراتی سیشن میں شرکت کا فیصلہ نہ کر سکی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ ہم آج مہمانوں کے ساتھ مصروف ہیں، ہم نے ارکان کی کوئی لسٹ نہیں بھیجی نہ ہی مذاکراتی کمیٹی پر کوئی مشاورت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی میٹنگ میں مذاکراتی سیشن میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
اپوزیشن اور حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا سیشن آج 4 بجے طلب کیا گیا ہے، مذاکرات کے لئے دوسرے سیشن کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے، اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کو تاحال نام نہیں بھجوائے گئے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملہ پر حکومتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومتی کمیٹی کے اراکین میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سمیع اللہ خان، رانا محمد ارشد، وزیر صنعت چودھری شافع حسین شامل ہیں، سید علی حیدر گیلانی، چودھری افتخار چھچھر، راحیلہ خادم حسین، امجد علی جاوید، احمد اقبال اور شعیب صدیقی کو بھی حکومتی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 11 جولائی کو سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن کے معطل ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملے پر دونوں طرف سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 28 جون کو پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے پر سپیکر ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا اور ان ارکان کی نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کرنے کا اعلان کیا تھا۔