گنڈا پور کا تحریک کا اعلان اپنی حکومت کے لیے مہلت طلب کرنا ہے: عظمیٰ بخاری

Published On 13 July,2025 04:32 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا تحریک کا اعلان اپنی حکومت کے لیے مہلت طلب کرنا ہے

 لاہور ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خوداسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آئے ہیں، اگر وہ اب بھی احتجاج کے دوران دہشتگرد بن کر یا اسلحےکے ساتھ آئیں گے تو اس کی اجازت نہیں مل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ احتجاج کا اعلان کر کے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر بھاگ جاتے ہیں، پاکستان کو جتنا نقصان پی ٹی آئی نے پہنچایا، اس کی مثال نہیں ملتی،گنڈاپورپرامن آدمی نہیں ان کی بات پر کون یقین کرسکتا ہے،آج تک کسی وزیراعلیٰ کو بندوق سے گاڑی کے شیشے توڑتے دیکھا ہے، ان کو حالات خراب کرنے کیلئے لاشیں چاہئیں۔

وزیر اطلاعات ونشریات کا کہ علی امین گنڈا پور کو کلاشنکوف کے ساتھ شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو توڑ پھوڑ یا فساد کی اجازت ہوگی،سب کو پتہ ہے گنڈاپور خود کتنے بڑے صادق اورامین ہیں،جتنا ظلم ان کی پارٹی نے پاکستان کے ساتھ کیا کسی سیاسی جماعت نے نہیں کیا، آپ کی جماعت نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی جیسی فاشسٹ اوردہشتگرد جماعت تاریخ میں کبھی نہیں آئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی کوئی بات یا مفاہمت ہوگی تو وہ صرف جمہوری قوتوں سے ہی ہوگی، انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی ٹرمپ کی کال کا انتظار کرتے کرتے جیل جا پہنچے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوام کو گمراہ کیا، نہ ملک کی معیشت بچائی، نہ امن قائم کیا،ہیرے جواہرات سے لیکر زمین بھی اپنی بیوی کے نام کرانے جیسے مذاق کیے،  بلین ٹری سونامی بیچ کر کھاگئے ان کیلئے 190ملین پاؤنڈز شاید کچھ نہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف یہ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی قوم کیلئے لڑرہا ہے، عمران خان کو کھانے میں گوشت نہ ملے تو ان کی جان نکل جاتی ہے،اب یہ اسٹیبلشمنٹ کو پکاررہے ہیں کہ میری بات سن لو،آج بھی علی امین گنڈاپور نے جعلی مولا جٹ بننے کی کوشش کی،اب وہ مذاق بن چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب نے کہا کسی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں یہ اپنے لیے کافی ہیں، یہ آج سب کچھ اپنی حرکتوں کی وجہ سے بھگت رہے ہیں، جو یہ آج بھگت رہے ہیں اس میں کسی سیاسی پارٹی کا قصور نہیں،ان کے لیڈر کہتے ہیں 9مئی ہمارے خلاف سازش تھی، ورکرز کو فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے،شہدا کی یادگاروں کی توہین کیلئے کس نے بھیجا تھا؟ 

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ سوات ہو یا سانحہ لورالائی، کسی بھی اہم قومی سانحے پر عمران خان کا کوئی بیان نہیں آیا، ان کی خاموشی مجرمانہ ہے، پی ٹی آئی کے بیانیے اور طرز سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، اور اب 90 دن کی تحریک ایک سیاسی ڈراما ہے جس کا مقصد صرف اپنے اقتدار کو طول دینا ہے۔