اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قلات کے قریب مسافر بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے واقعے کو ایک انتہائی سفاکانہ، بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے، جس میں نہتے اور بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنایا گیا، سید یوسف رضا گیلانی نے حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں، چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور ان کے بزدلانہ ہتھکنڈے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کہ نہتے مسافروں پر حملہ انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے لیکن دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور ریاست ہر قیمت پر ان عناصر کا قلع قمع کرے گی، آخر میں انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔