تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سردار ابراہیم خان کی برسی آج منائی جا رہی ہے

Published On 31 July,2025 10:33 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی آج عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

سردار محمد ابراہیم خان آزاد کشمیر کے پہلے بانی صدر تھے، انہوں 24 اکتوبر 1947 کو آزاد کشمیر میں بننے والی حکومت کی بنیاد رکھی، سردار محمد ابراہیم خان کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو ڈوگرہ کی غلامی سے نجات دلانا اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانا تھا۔

19 جولائی 1947 کو غازی ملت کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان بھی منظور ہوئی تھی۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ سردار ابراہیم خان نے 1915 سے 2003 تک نشیب و فراز سے بھرپور اور اصولوں پر استوار زندگی گزاری، بانی صدر نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار محمد ابراہیم خان ہمیشہ اپنے مؤقف پر قائم رہے، اُن کی شخصیت تحریکِ آزادی کشمیر کا ایک ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے۔

چودھری انوار الحق نے کہا کہ قومی تحریکوں میں عسکری و پارلیمانی قیادت دونوں کی اہمیت ہوتی ہے، غازی ملت نے دونوں میدانوں میں اپنا قائدانہ کردار بھرپور انداز میں ادا کیا۔