لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے خلاف چیک ڈس آنر کے مقدمے کے اندراج کے سیشن کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے آج سماعت کے دوران سلیمان شہباز کی دائر کردہ درخواست پر فیصلہ سنایا، عدالت نے قرار دیا کہ سیشن کورٹ نے 10 جولائی کو جو احکامات جاری کیے وہ قانون کے تقاضوں کے منافی تھے اور مقدمہ درج کرنے کا حکم حقائق کا مکمل جائزہ لیے بغیر دیا گیا۔
درخواست گزار کی استدعا پر عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ قانون کی رو سے بغیر مناسب شواہد اور قانونی تقاضوں کے مقدمہ درج کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالتوں کو چاہیے کہ وہ مقدمات کے اندراج کے حوالے سے تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔