خاتون کو ہراساں کرنے پر سی ای او کے الیکٹرک کو سزا، عہدے سے ہٹانے کا حکم

Published On 31 July,2025 12:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کی سابق چیف مارکیٹنگ افسر مہرین زہرہ کو ہراساں کرنے پر الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

صوبائی محتسب اعلیٰ جسٹس (ر) شاہ نواز طارق نے کے الیکٹرک کی سابق چیف مارکیٹنگ افسر مہرین زہرہ کی درخواست پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو برطرفی اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

صوبائی محتسب نے مونس علوی پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک پر الزام ثابت ہوتا ہے، وہ ایک ماہ میں جرمانے کی رقم ادا کریں۔

جسٹس (ر) شاہ نواز طارق نے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک نے شکایت کنندہ مہرین زہرہ کو ہراساں اور ذہنی اذیت میں مبتلا کیا، مونس علوی اگر جرمانے کی رقم ادا نہ کریں تو ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے جبکہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جائے۔

یاد رہے کہ مونس علوی کے خلاف کے الیکٹرک کی سابق چیف مارکیٹنگ افسر مہرین زہرہ نے شکایت درج کرائی تھی، شکایت کنندہ کو 2019 میں کے الیکٹرک نے بطور کنسلٹنٹ رکھا تھا۔

حالیہ فیصلہ میرے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے: مونس علوی

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے صوبائی محتسب کی جانب سے سنائی گئی سزا پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ تعلقات میں دیانتداری اور وقار کی اقدار کو مقدم رکھا ہے اور میں ہر فرد کیلئے محفوظ اور جامع کام کی جگہوں کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی وضاحتی پوسٹ میں مونس علوی نے کہا کہ حالیہ فیصلہ میرے لئے نہایت تکلیف دہ ہے، اگرچہ میں قانونی عمل اور ان اداروں کا احترام کرتا ہوں جو اس عمل کو برقرار رکھتے ہیں، مگر اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے مجھے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ فیصلے میں دیئے گئے نتائج اس سچائی کی عکاسی نہیں کرتے جو میں نے خود محسوس کی۔

انہوں نے لکھا کہا کہ نہ صرف پیشہ ورانہ طور پر بلکہ ذاتی طور پر بھی یہ ایک تکلیف دہ سفر رہا ہے، میں اس فیصلے کا اپنے قانونی مشیروں کے ساتھ جائزہ لے رہا ہوں اور اپنی اپیل کے حق کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

مونس علوی نے مزید کہا کہ ہر اس فرد کو سنا جانا چاہیے جو خود کو متاثر محسوس کرتا ہے، میں بدستور اس عزم پر قائم ہوں کہ سچائی کو ہر قانونی ذریعے سے سامنے لایا جائے۔

سی ای او کے الیکٹرک نے اپنے جاننے والوں، ساتھ کام کرنے والوں اور انصاف کے عمل پر یقین رکھنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری عدل و انصاف اور کام کی جگہ پر وقار کے اصولوں سے وابستگی غیرمتزلزل ہے۔