ملک کے مسائل بڑے ، غلطی کی تو خطہ جنگ کا میدان بن جائے گا: محمود اچکزئی

Published On 04 August,2025 10:23 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل بڑے ہیں، غلطی کی تو خطہ جنگ کا میدان بن جائے گا۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کی اپوزیشن لابی میں محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں مرحوم میاں محمد اظہر کے لئے تعزیت و فاتحہ خوانی اور سینیٹ و قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر و دیگر اراکین کی نااہلی و سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وہ پاگل ہوگا جو افواج پاکستان کا مخالف ہوگا، پاکستان امیر ترین ہونے کے باوجود غریب ترین ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگاتے تھے، اب وہ یہ نعرہ بھول چکے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں ایک نیا معاہدہ کرسکتی ہیں، اللہ اس ملک کو قائم رکھے، پاکستان دن دگنی رات چگنی ترقی کرے گا۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا تھاکہ ہمارے وسائل ہمارے گلے پڑے ہیں، ہم نےغلطی کی تو یہ خطہ جنگ کا میدان بن سکتا ہے، ہمیں ہوش کے ناخن لینے چاہیں، معدنیات پر لوگ حملہ آور ہو رہے ہیں، یہ خانہ جنگی پیدا کرے گا، لوگ کہتے ہیں ان کو بھی حصہ دیا جائے۔

محمود خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ خدا اس ملک کو ہمیشہ آباد رکھے، مسائل بڑے اور ہم چھوٹے لوگ ہیں ہم نے ماضی کی غلطیاں نہیں دہرانی چاہیے۔