پی ٹی آئی منگل سے ملک گیر آئینی تحریک کا آغاز کررہی ہے: اسد قیصر

Published On 03 August,2025 04:32 pm

صوابی:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی منگل سے ملک گیر پرامن اور آئینی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔

صوابی سے جاری اپنے ایک بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ تحریک پر امن  اور قانون و آئین میں دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کو دو سال قبل پانچ اگست کے روز گرفتار کیا گیا تھا، اسی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہائی دی جائے، یہ اُن کا قانونی و آئینی حق ہے، عدالتیں آزاد نہیں بلکہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہیں، ہم کسی قسم کے ریاستی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسی کسی کارروائی کی اجازت نہ دیں، بانی پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے اور تمام زیرِ التوا مقدمات کا جلد فیصلہ کیا جائے۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ پانچ تاریخ کو پاکستان کے پرچم سمیت سفید پرچم و پارٹی پرچم لائیں گے ، ہم پر امن ہیں اور اگر کسی نے شرارت کی تو کارکن جواب دیں گے۔