بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے احتجاج کی کال، حکومت مظاہرے روکنے کو تیار

Published On 05 August,2025 11:04 am

لاہور، پشاور، اسلام آباد : (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی جانب سے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے آج ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دی گئی ہے، ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹروں کو اسلام آباد بلایا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر مرکزی پاور شو ممکن نہ ہوا تو حلقہ وار احتجاجی مظاہرے ہی کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی نے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد بلا لیا، ارکان صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے، راولپنڈی انتظامیہ نے احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی بنا لی، ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوسوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی پوری تیاری کر رکھی ہے، احتجاج روکنے کے لیے 10 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے، سیف سٹیز کے کیمروں کے ذریعے پی ٹی آئی کے ذریعے بھی احتجاج کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، جہاں احتجاج کرنے والے کارکن نظر آئیں گے پکڑ لیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان میں پرامن احتجاج کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آج احتجاج ہو رہا ہے، ہر ضلع سے منتخب نمائندے ریلی اور احتجاج کی قیادت کریں گے، میں بونیر میں موجود ہوں، آج بونیر میں ریلی اور کنونشنز میں شرکت کروں گا۔

ادھر پشاوراور خیبر سے کارکن حیات آباد ٹول پلازہ رنگ روڈ پر جمع ہوں گے، ریلی کی قیادت وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈ اپور کریں گے، پشاور سے ریلی قلعہ بالاحصار پر اختتام پذیر ہو گی، صوابی، مردان اور چارسدہ میں بھی احتجاج کی تیاریاں کر لی گئیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوسزا دے کر آئین و قانون کو پامال کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو توڑنے کے لیے تمام تر حربے ناکام ثابت ہوئے، ملک بھر میں پرامن ریلیاں عوامی شعور کا مظاہرہ ہوگا، اب فیصلے عوام کی عدالت میں ہوں گے۔