کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ چاہتے ہیں زائرین کے مسائل جلداز جلد حل ہوجائیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا ہے زائرین کو محفوظ طریقے سے ایران بھجوایا جائے، ہوائی سفر کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے، کمیٹی 48 گھنٹے میں کام مکمل کرے گی۔
کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی مسائل حل ہوتے ہی زمینی راستے بحال ہو جائیں گے، زائرین کے ویزا مسائل اور دیگر مطالبات پر بھی کام کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنرسندھ کے ایم ڈبلیو ایم کیساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر زائرین نے ایران روانگی مؤخر کردی تھی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی سے قافلہ حب روانہ نہیں ہوگا، وزیرداخلہ محسن نقوی سے بھی صورتحال پر بات ہوئی، پی آئی اے سے بات کی جارہی ہے کہ فلائٹس کا بندوست کیا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصرعباس کا مطالبہ تھا روڈ سے ہی جانے دیا جائے، ایرانی حکومت سے ویزاکی مدت بڑھانے پر بات کریں گے، انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے جس میں زائرین کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ سکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے حکومت اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہی ہے، گورنر سندھ نے کہا تھا کہ زائرین کے مسائل کا ادراک ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ بلا تاخیر اور باحفاظت اپنے مقدس سفر پر روانہ ہو سکیں۔