عدالت کو یقین دہانی کے باوجود اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر روک دیا گیا

Published On 13 August,2025 12:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک روانگی سے روک دیا گیا۔

اعظم سواتی نے ایئرپورٹ پر روکنے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت درخواست دائر کر دی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریقین بنایا گیا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کا نام اب پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد ایف آئی اے نے پشاور ائیر پورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق اعظم سواتی کو عدالتی احکامات کے باوجود روکا گیا ہے، جس پر پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کرا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا تھا۔

دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اعظم سواتی کا نام اب کسی بھی فہرست میں شامل نہیں اور انہیں سفر کی اجازت ہے، جس پر نمائندہ ایف آئی اے نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزار اب بیرون ملک جا سکتے ہیں۔