اسحاق ڈار 17 سے 19 اگست تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے

Published On 16 August,2025 11:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 17 سے 19 اگست 2025 تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران لندن میں وزیرخارجہ نائب وزیراعظم اینجلا رینر، پاکستان کے لیے پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہی مش فالکونر، اور کامن ویلتھ سیکرٹری جنرل شلی ایورکور بوچوے سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم کامن ویلتھ سیکرٹری جنرل کے ساتھ ناشتہ بھی کریں گے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار پاکستان ہائی کمیشن، لندن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ایک منصوبے کا افتتاح کریں گے، یہ پائلٹ منصوبہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں زمین کے دستاویزی مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

نائب وزیراعظم برطانوی پارلیمنٹیرینز، کشمیری رہنماؤں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔