اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر ایران کے چار روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے۔
رانا تنویر کی ایرانی وزیر زراعت سے سرکاری سطح پر ملاقات ہوگی، ملاقات میں زرعی تعاون کے نئے اقدامات زیر غور آئیں گے، ڈیری پراسیسنگ، لائیو سٹاک اور گرین ہاؤس صنعتوں کے دورے سے عملی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مشترکہ کمیٹی برائے زرعی تعاون کے اجلاس میں دونوں ممالک کے نمائندگان شرکت کریں گے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایران کے ساتھ تکنیکی اور تحقیقی اشتراک بڑھایا جائے گا۔
رانا تنویر نے کہا کہ دورہ کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان بیجوں کی بہتری اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے تبادلے پر پیش رفت متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق اور کسانوں کی بہبود کے شعبے میں تعاون بڑھانا ہماری ترجیح ہے ، ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ سے زرعی برآمدات کے نئے دروازے کھلیں گے، دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔