ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدرِ مملکت آصف زرداری کو تعزیتی پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
سعودی شاہ اور ولی عہد نے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور متاثرین سے ہمدری کا اظہار کیا ہے، جبکہ زخمیوں کی جِلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب کی جانب سے بھرپور امداد کی پیشکش بھی کی، تاکہ پاکستان کے عوام اس قدرتی آفات سے نمٹنے میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کریں۔
سعودی قیادت نے پاکستانی عوام کی حفاظت اور استحکام کیلئے اپنی دعائیں بھی پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اس قدرتی آفات سے جلدی کامیابی کے ساتھ نکل آئے گا۔